شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین کی رہائش گاہ میں چوری اور غیر قانونی داخلے کا شبہ، 2 افراد گرفتار
لندن: برطانیہ میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین کی نجی رہائش گاہ اینمر ہال میں چوری اور غیر قانونی داخلے کے شبہے میں 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
نورفولک پولیس کے مطابق پیر کی شام تقریباً 6 بجے سے کچھ دیر قبل سینڈرنگھم اسٹیٹ میں واقع اینمر ہال میں مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی تلاشی کے لیے سراغ رساں کتوں، ڈرونز اور ہیلی کاپٹر کی مدد حاصل کی۔ اس دوران اسٹیٹ کے اندر سے 2 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا، جو تاحال پولیس کی حراست میں ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ واقعے کے وقت رہائش گاہ خالی تھی اور وہاں کوئی موجود نہیں تھا۔ دوسری جانب شاہی محل کینسنگٹن پیلس نے سکیورٹی معاملات پر تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔
واضح رہے کہ شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین، جنہیں پرنس اور پرنسس آف ویلز بھی کہا جاتا ہے، مستقل طور پر اینمر ہال میں قیام پذیر نہیں ہیں بلکہ تعطیلات کے دوران اس رہائش گاہ کو استعمال کرتے ہیں۔
10 بیڈرومز پر مشتمل یہ شاہی رہائش گاہ 2011 میں شہزادہ ولیم اور شہزادی کیتھرین کی شادی کے بعد آنجہانی ملکہ الزبتھ دوم نے انہیں تحفے میں دی تھی۔
سرخ اینٹوں سے تعمیر کردہ جارجیائی طرز کی یہ حویلی برطانیہ کی کاؤنٹی نورفولک میں واقع نجی سینڈرنگھم اسٹیٹ کا حصہ ہے۔ یہ بادشاہ کی نجی رہائش گاہ سینڈرنگھم ہاؤس سے تقریباً دو میل مشرق میں واقع ہے۔
شاہی جوڑے کی مرکزی رہائش گاہ ونڈسر کیسل اسٹیٹ میں واقع ہے، جو برکشائر میں قائم ہے۔














