چینی خلا باز کا خلاء میں مسلسل ایک سال قیام کا منصوبہ، پاکستانی خلا باز بھی شین ژو-24 مشن کا حصہ ہوں گے
بیجنگ: چین نے اپنے خلا باز ژو یانگ ژو کے خلاء میں مسلسل ایک سال قیام کے تجربے کا منصوبہ بنایا ہے۔ وہ پہلے ہی خلاء میں 6 ماہ گزار چکے ہیں اور مزید 6 ماہ تیان گونگ خلائی اسٹیشن پر قیام کریں گے۔
چین کے انسان بردار خلائی ادارے (سی ایم ایس اے) نے منگل کو بتایا کہ ژو یانگ ژو تین رکنی شین ژو-23 مشن کے کمانڈر ہیں، جسے رواں سال مئی میں خلائی اسٹیشن پر بھیجا گیا تھا۔ وہ اپنے قیام میں توسیع کرتے ہوئے آئندہ آنے والے چینی خلا بازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے ساتھ شین ژو-24 مشن میں بھی شامل ہوں گے۔
ادارے کے مطابق شین ژو-24 خلائی جہاز بدھ کی صبح 8 بج کر 18 منٹ (بیجنگ کے مقامی وقت) پر چین کے شمال مغربی علاقے میں واقع جیو چھوان سیٹلائٹ لانچ سینٹر سے روانہ ہوگا۔ اس مشن میں چینی خلا بازوں تانگ ہونگ بو اور وو یی کے علاوہ پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی بھی سوار ہوں گے۔
مختصر مشترکہ خلائی مشن مکمل ہونے کے بعد پاکستانی خلا باز شین ژو-23 خلائی جہاز کے ذریعے مشن کے دیگر دو خلا بازوں کے ہمراہ زمین پر واپس آئیں گے۔
سی ایم ایس اے کے ترجمان ژانگ جنگ بو نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ ژو یانگ ژو کا ایک سالہ خلائی مشن خلا بازوں کی صحت، پیشہ ورانہ سرگرمیوں اور روزمرہ زندگی کے تحفظ سے متعلق موجودہ نظاموں کے لیے نئے تقاضے سامنے لائے گا۔ اس کے علاوہ یہ سائنسی تحقیق اور جدید ٹیکنالوجی کی آزمائش کے لیے بھی اہم موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس تجربے سے طویل عرصے تک خلاء میں رہنے کے دوران انسانی صحت اور بقا سے متعلق سائنسی پہلوؤں کو سمجھنے اور حفاظتی ٹیکنالوجیز کو مزید بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
ترجمان کے مطابق مشن کے دوران انسانی جسم پر خلائی ماحول کے اثرات کا مطالعہ کرنے کے لیے ایک نیا تحقیقی نظام وضع کیا جائے گا، مختلف سائنسی شعبوں میں جدید تجربات کیے جائیں گے اور یہ جاننے کی کوشش کی جائے گی کہ انسانی جسم طویل عرصے تک خلائی ماحول میں کس طرح مطابقت پیدا کرتا ہے اور اس دوران اس میں کیا تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس تحقیق کے نتیجے میں انسانی جسم سے متعلق جامع ڈیٹا بیس تیار کیا جائے گا اور متعدد بنیادی سائنسی نتائج حاصل کرنے کی توقع ہے۔
ژانگ جنگ بو کا کہنا تھا کہ اس تجربے سے خلا بازوں کی معاونت کرنے والی ٹیکنالوجیز کی عملی آزمائش میں بھی اضافہ ہوگا، جبکہ خلائی اسٹیشن پر صحت، کام اور روزمرہ زندگی کے تحفظ کے نظاموں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔ اس طرح چین کے خلائی اسٹیشن پر خلا بازوں کے طویل مدتی قیام کی سہولیات اور صلاحیت میں بتدریج اضافہ ممکن ہوگا۔














