ڈیزل کی بڑھتی قیمتوں سے متاثرہ امریکی کسانوں کے لیے 8 ارب ڈالر امداد کا اعلان
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیزل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متاثرہ کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے 8 ارب ڈالر کی مالی امداد دینے کا اعلان کردیا۔
امریکی میڈیا کے مطابق، صدر ٹرمپ نے ریاست کنساس میں وسط مدتی انتخابات کی مہم کے دوران اعلان کیا کہ امریکی محکمہ زراعت ایک نئے پروگرام ’’ہارویسٹ فیول ریلیف پروگرام‘‘ کا آغاز کرے گا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس پروگرام کے تحت کسانوں کو فصلوں کی کٹائی کے دوران ڈیزل پر آنے والے اخراجات پورے کرنے کے لیے 8 ارب ڈالر کی امداد فراہم کی جائے گی۔
امریکی صدر کے مطابق، اس اقدام کا مقصد ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث زرعی شعبے پر پڑنے والے مالی دباؤ کو کم کرنا اور کسانوں کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔














