اگر آپ کے پاس 2 اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز ہوں تو یقیناً ان کے لیے 2 مختلف نمبروں کی ضرورت ہوتی ہے۔
اس کی وجہ یہ ہے کہ کوئی بھی ایک سم کارڈ کو مسلسل ایک سے دوسرے فون میں منتقل کرنا پسند نہیں کرتا ہے۔
مگر بہت جلد آپ 2 مختلف اینڈرائیڈ فونز میں ایک ہی فون نمبر کو استعمال کرسکیں گے۔
اینڈرائیڈ اتھارٹی کی ایک رپورٹ میں اینڈرائیڈ فاسٹ سوئچ نامی ایک نئے فیچر کے بارے میں بتایا گیا۔
اس فیچر کا عندیہ گوگل کی سم منیجر ایپ کے کوڈ میں ملا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس فیچر پر ابھی کام جاری ہے اور اس کا مقصد ایک نمبر کو 2 مختلف فونز میں استعمال کرنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اس کے لیے بس آپ کو دونوں فونز میں ایک ہی گوگل اکاؤنٹ سے سائن ان ہونا ہوگا۔
یہ ایپل کی جانب سے حال ہی میں متعارف کرائے جانے والے آئی فون ہینڈ آف سے کافی ملتا جلتا ہے جس سے آپ ایک نمبر کو 2 آئی فونز میں استعمال کرسکتے ہیں۔
مگر آئی فونز میں ایسا صرف ای سمز سے ممکن ہوتا ہے اور وہ بھی صرف امریکا یا برطانیہ میں۔
اینڈرائیڈ ڈیوائسز میں یہ فیچر کس حد تک محدود ہوگا، یہ ابھی کہنا مشکل ہے۔
اسی طرح یہ بھی ابھی معلوم نہیں کہ یہ فیچر تمام اینڈرائیڈ فونز پر کام کرے گا یا صرف چند فونز پر بھی اسے استعمال کیا جاسکے گا۔
رپورٹ کے مطابق ابھی یہ بھی معلوم نہیں کہ اسے کب تک متعارف کرایا جاسکتا ہے، مگر ایسا جلد متوقع ہے۔














