یقیناً یہ جاننا بہت مشکل ہے کہ آخر کتے کیوں بھونک رہے ہیں، کئی بار وہ کسی کے آنے کی اطلاع دے رہے ہوتے ہیں، کئی بار وہ کھیلنے کے لیے پرجوش ہوتے ہیں، کئی بار خوفزدہ ہوتے ہیں یا بس آپ کی توجہ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔
مگر بلیوں کے برعکس کتوں کے صوتی پیغامات سب کے لیے ہوتے ہیں۔
مگر بظاہر بلیاں اپنی لگ بھگ تمام میاؤں میاؤں جیسی آوازیں انسانوں کے لیے مخصوص رکھتی ہیں۔
تو آخر بلیاں میاؤں کے ذریعے ہمیں کیا بتانے کی کوشش کر رہی ہوتی ہیں؟
اس سوال کا جواب ایک نئی تحقیق میں دیا گیا اور اس کا مقصد واقعی بہت دلچسپ ہے۔
جرنل اینیمل بی ہیوئیر میں شائع تحقیق میں 38 بلیوں کو شامل کیا گیا اور دیکھا گیا کہ وہ اپنے مسائل کو اپنے مالکان یا ان کے بغیر کیسے حل کرتی ہیں۔
تحقیق کے دوران کھانے کی چیزوں کو ایک ایسے ڈبے میں رکھا گیا جو بلیاں سونگھ یا دیکھ تو سکتی تھیں مگر نکالنے سے قاصر تھیں۔
اس کے بعد بلیوں کے رویوں کا مشاہدہ کیا گیا کیونکہ ان کی جانب سے فرسٹریشن کا مظاہرہ اس وقت کیا گیا جب کوئی انسان کمرے میں ان کے ساتھ موجود تھا اور جب وہ وہاں کوئی فرد موجود نہیں تھا۔
محققین یہ دیکھ کر حیران رہ گئے جب کمرے میں کوئی فرد نہیں ہوتا تو بلیاں اس مسئلے کو زیادہ تر خاموش رہ کر حل کرنے کی کوشش کرتیں۔
مگر جب کوئی فرد ان کے قریب ہوتا تو بلیاں زیادہ آوازیں نکالنا شروع ہو جاتی تھیں۔
تجزیے سے محققین نے دریافت کیا کہ جب کوئی فرد کمرے میں ہوتا تو بلیوں کی جانب سے میاؤں میاؤں کی آواز نکالے جانے کا امکان 16 گنا زیادہ ہوتا۔
اسی طرح یہ بھی دریافت ہوا کہ جب بلیاں اس مشکل وقت میں کسی فرد کو دیکھتیں تو ان کی نگاہیں اس فرد پر مرکوز ہو جاتیں اور پھر کھانے والے ڈبے کی جانب آنکھوں کا اشارہ کرتیں۔
محققین نے یہ نتیجہ نکالا کہ بلیاں دوسری بلیوں کی بجائے انسانوں کو دیکھ کر ان سے مدد لینے اور توجہ حاصل کرنے کے لیے میاؤں میاؤں کرتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بلیاں وقت کے ساتھ سیکھ لیتی ہیں کہ انسان کی آواز پر فوراً ردعمل ظاہر کرتے ہیں، جیسے کھانا فراہم کرتے ہیں، دروازہ کھولتے ہیں یا پیار کرتے ہیں۔
اس کے مقابلے میں بالغ بلیاں آپس میں بات چیت کے لیے عام طور پر میاؤں کا استعمال نہیں کرتیں، بلکہ جسم کی حرکات، سونگھنے اور دیگر آوازوں سے رابطہ کرتی ہیں۔
بچپن میں بلیاں اپنی ماں کو بلانے کے لیے میاؤں کرتی ہیں، مگر بڑی ہو کر یہ آواز زیادہ تر انسانوں کے لیے مخصوص ہو جاتی ہے۔
ویسے یہ تحقیق تو بہت چھوٹی تھی اور نتائج مکمل طور پر ٹھوس نہیں، مگر محققین کے مطابق بظاہر بلیاں میاؤں میاؤں بنیادی طور پر آپ سے مدد حاصل کرنے کے لیے کرتی ہیں۔














