تہران: ایران نے کہا ہے کہ اگر امریکا تہران کی شرائط تسلیم کرلے تو وہ چند گھنٹوں کے اندر آبنائے ہرمز میں سکیورٹی بحال کرکے اس اہم آبی گزرگاہ کو دوبارہ کھول سکتا ہے۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا ہے کہ کسی معاہدے پر اتفاق ہونے کی صورت میں ایران تیزی سے اقدامات کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
ان سے سوال کیا گیا کہ کیا معاہدہ طے پانے کے صرف دو گھنٹے کے اندر آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر کھولا جاسکتا ہے؟ اس پر اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اپنے وعدوں کی پاسداری کے لیے پُرعزم ہے اور دوسری جانب سے متعلقہ شرائط پوری کیے جانے پر جلد از جلد ان پر عمل درآمد کرے گا۔
تاہم انہوں نے واضح کیا کہ ایران اپنے عوام کے حقوق اور قومی مفادات کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ تہران اپنے مقاصد اور عوام کے حقوق سے بخوبی آگاہ ہے اور ان کے دفاع کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔
اسماعیل بقائی نے امریکا کی جانب سے مسلسل دھمکیوں اور جنگ میں کامیابی کے دعوؤں کو بھی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے فتح کے اعلانات تقریباً روزانہ کا معمول بن چکے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکی دھمکیاں ایرانی عوام کو اپنی سرزمین اور قومی وقار سے دستبردار ہونے پر مجبور نہیں کرسکتیں، بلکہ ایسے بیانات ملک کے عزم اور قومی اتحاد کو مزید مضبوط کرتے ہیں۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کا یہ بیان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے چند گھنٹے بعد سامنے آیا، جس میں انہوں نے خبردار کیا تھا کہ اگر نئے سال تک ایران کے ساتھ کوئی معاہدہ نہ ہوسکا تو وہ دوبارہ جنگ شروع کرنے پر غور کرسکتے ہیں۔














