ایران کا ایک اور امریکی ایم کیو-9 ڈرون مار گرانے کا دعویٰ
تہران: ایران نے ایک اور امریکی ایم کیو-9 ریپر ڈرون کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
ایرانی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ آبنائے ہرمز کے مشرقی علاقے میں امریکی ڈرون کی نشاندہی کی گئی، جس کے بعد ایرانی فضائی دفاعی نظام نے کارروائی کرتے ہوئے اسے فضا میں ہی تباہ کردیا۔
ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ ملکی فضائی حدود کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
دوسری جانب امریکی دفاعی حکام کی جانب سے ایرانی فوج کے اس دعوے پر تاحال کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا اور نہ ہی ڈرون کی تباہی کی آزادانہ طور پر تصدیق ہوسکی ہے۔














