نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے متحدہ عرب امارات اور سینیگال کی جانب سے پیش کردہ قرارداد اتفاقِ رائے سے منظور کر لی ہے، جس کے تحت عالمی سطح پر آبی مسائل اور ترجیحات کے تعین کے لیے ہر تین سال بعد اعلیٰ سطحی بین الحکومتی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔
اماراتی خبر رساں ادارے ’’وام‘‘ کے مطابق اس قرارداد کی منظوری سے اقوام متحدہ کی عالمی آبی کانفرنس کے انعقاد کو باقاعدہ اور مستقل سلسلے کی شکل مل جائے گی۔ اس پلیٹ فارم کے ذریعے رکن ممالک آبی مسائل سے متعلق ترجیحات طے کر سکیں گے، مشترکہ وعدے کریں گے اور پائیدار ترقی کے 2030 کے ایجنڈے سے آگے بڑھتے ہوئے قابلِ پیمائش نتائج کے حصول کے لیے اقدامات کر سکیں گے۔
قرارداد کو عالمی آبی مسائل کو بین الاقوامی سطح پر زیادہ اہمیت دلانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے آبی امور کے حوالے سے سیاسی قیادت، عالمی تعاون، تسلسل اور جوابدہی کو فروغ ملے گا، جبکہ ممالک کے وعدوں کو عملی اقدامات میں تبدیل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
قرارداد کی منظوری پر متحدہ عرب امارات کے معاون وزیر خارجہ برائے توانائی و پائیداری عبداللہ بلالعلا نے کہا کہ پانی ہر معاشرے اور معیشت کی بقا کا بنیادی ذریعہ اور پائیدار ترقی کے لیے ناگزیر ہے، تاہم طویل عرصے سے اس شعبے کو مطلوبہ سیاسی توجہ اور بین الاقوامی تعاون حاصل نہیں ہو سکا۔
انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی آبی کانفرنس کے باقاعدہ انعقاد کا فیصلہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، جس سے عالمی آبی ایجنڈے کو تسلسل اور سیاسی سطح پر مؤثر پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ ان کے مطابق رواں سال دسمبر میں ابوظہبی میں ہونے والی کانفرنس کے ذریعے حاصل ہونے والی پیش رفت کو 2030 کے بعد بھی مذاکرات، تعاون اور عملی اقدامات کے ذریعے آگے بڑھایا جا سکے گا۔
اگلی عالمی آبی کانفرنس 8 سے 10 دسمبر 2026 تک ابوظہبی میں منعقد ہوگی، جس کی مشترکہ میزبانی متحدہ عرب امارات اور سینیگال کریں گے، جبکہ 2028 کی کانفرنس تاجکستان میں ہوگی۔
کانفرنس میں مالی معاونت، ٹیکنالوجی اور جدت کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ سرمایہ کاری کی کمی دور کرنے، منصوبوں پر عمل درآمد تیز کرنے اور مؤثر حل کو وسیع پیمانے پر اپنانے کے لیے درکار سرمایہ، مہارت اور وسائل متحرک کیے جا سکیں۔














