نئی دہلی: پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے تحت اگلے سال کے اوائل میں ہونے والے وزرائے ثقافت کے اجلاس میں شرکت کے لیے بھارت کو باضابطہ دعوت نامہ بھیجنے کی تیاری کر رہا ہے۔ یہ پیش رفت نئی دہلی میں ایس سی او کے افتتاحی تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی شرکت کے بعد سامنے آئی ہے۔ تاہم بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا کے اس دعوے کی اسلام آباد سے آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔
رپورٹ کے مطابق یہ دیکھنا اہم ہوگا کہ بھارت اس دعوت پر کیا ردعمل ظاہر کرتا ہے۔ دوسری جانب پاکستان اگست 2027 کے اواخر میں اسلام آباد میں ایس سی او سربراہانِ مملکت کونسل کے اجلاس کی میزبانی کی تیاری بھی کر رہا ہے، جس میں بھارت کی نمائندگی عموماً وزیراعظم نریندر مودی کرتے ہیں۔
ابتدائی طور پر سربراہی اجلاس 14 اگست، یعنی پاکستان کے یومِ آزادی کے موقع پر منعقد کرنے پر غور کیا گیا تھا، تاہم اس تاریخ پر اجلاس کی صورت میں بھارت کی کسی بھی سطح پر شرکت کے امکانات کم تھے۔
اپریل 2025 میں پہلگام حملے کے بعد بھارت کی جانب سے پاکستان کا واحد اہم دورہ ستمبر میں وزارتِ خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری آلوک دمری نے کیا تھا۔ انہوں نے پاکستان کے ایس سی او کی صدارت سنبھالنے کے فوراً بعد قومی رابطہ کاروں کے اجلاس میں شرکت کی، جس کا مقصد اسلام آباد کی قیادت میں ہونے والی تنظیمی سرگرمیوں کا شیڈول حتمی شکل دینا تھا۔
وزرائے ثقافت کے اجلاس کے بعد پاکستان اگست میں اسلام آباد سربراہی اجلاس سے قبل ایس سی او کے وزرائے دفاع اور وزرائے خارجہ کے اعلیٰ سطح کے اجلاسوں کی بھی میزبانی کرے گا۔ تنظیم کے رکن ممالک کے درمیان ثقافتی تعاون سے متعلق اجلاس کو بھارت کے لیے نسبتاً کم حساسیت کا حامل قرار دیا جا رہا ہے، کیونکہ اس میں سیاسی نوعیت کی وابستگی محدود رہتی ہے۔
پاکستان کا دورہ کرنے والے آخری بھارتی وزیر خارجہ ایس جے شنکر تھے، جو اکتوبر 2024 میں ایس سی او وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد آئے تھے۔ یہ دورہ پہلگام واقعے سے کئی ماہ قبل ہوا تھا۔
دوسری جانب وزیراعظم نریندر مودی کی تجویز پر منعقد ہونے والے تہذیبی مکالمے کے لیے گزشتہ ہفتے پاکستانی وزیر مصدق ملک کی میزبانی پر بھارت میں اپوزیشن کی تنقید کے باوجود نئی دہلی نے واضح کیا ہے کہ سندھ طاس معاہدے سے متعلق اس کے مؤقف میں کوئی نرمی نہیں آئی۔ بھارت نے پہلگام حملے کے بعد معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔
بھارتی حکام نے اس بات پر بھی زور دیا ہے کہ ایس سی او کے تحت تعاون کو پاکستان اور بھارت کے دوطرفہ تعلقات میں بہتری یا گرمجوشی کی علامت نہ سمجھا جائے۔
رپورٹ کے مطابق مصدق ملک کا دورہ کسی نمایاں دوطرفہ تنازع کے بغیر خوش اسلوبی سے مکمل ہوا، کیونکہ انہوں نے حساس پاک بھارت معاملات اٹھانے کے بجائے ایس سی او کے کثیرالجہتی امور تک خود کو محدود رکھا اور طے شدہ سفارتی پروٹوکول کی پاسداری کی۔














