عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل دوسرے روز بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد قیمتیں تقریباً تین ماہ کی کم ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ تیل کی عالمی رسد میں اضافے کے امکانات اور ممکنہ اضافی سپلائی نے آبنائے ہرمز میں کشیدگی اور بحری جہازوں کی آمدورفت کو درپیش خطرات کے اثرات کو کم کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کے مستقبل کے سودوں کی قیمت 66 سینٹ، یعنی 0.7 فیصد کمی کے بعد 88 ڈالر 71 سینٹ فی بیرل ہوگئی۔ اس سے قبل برینٹ کی قیمت 31 اگست کے بعد کم ترین سطح پر بند ہوئی تھی۔
اسی طرح امریکی خام تیل ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (ڈبلیو ٹی آئی) کی قیمت میں بھی 60 سینٹ، یعنی 0.8 فیصد کمی ہوئی، جس کے بعد یہ 79 ڈالر 57 سینٹ فی بیرل پر آگیا۔ کاروباری سیشن کے دوران ڈبلیو ٹی آئی کی قیمت 26 اگست کے بعد اپنی کم ترین سطح تک پہنچ گئی تھی۔
ڈی بی ایس بینک کے شعبہ توانائی کے سربراہ سوورو سرکار کے مطابق حالیہ دنوں میں برینٹ خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا رجحان بڑی حد تک ختم ہو چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی مسلسل بندش کے باوجود تیل کی رسد کی صورت حال نسبتاً بہتر ہے۔ سرمایہ کار ایک جانب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی اور بحری نقل و حمل میں ممکنہ رکاوٹوں کا جائزہ لے رہے ہیں تو دوسری جانب مستقبل میں عالمی منڈی میں تیل کی اضافی سپلائی کے امکانات بھی ان کی توجہ کا مرکز ہیں۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی رسد بڑھنے کی توقعات نے قیمتوں پر دباؤ ڈال رکھا ہے، تاہم آبنائے ہرمز میں جاری کشیدگی بدستور تیل کی ترسیل کے لیے ایک اہم خطرہ ہے۔














