جکارتہ: انڈونیشیا کے صوبے بنتن میں کینڈی بنانے والی ایک صنعتی فیکٹری میں شدید آتشزدگی کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 24 ہوگئی، جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
آگ نے فیکٹری کے بڑے حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث متعدد کارکن عمارت کے اندر پھنس گئے اور امدادی ٹیموں کو ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
تازہ اطلاعات کے مطابق ریسکیو حکام تباہ شدہ عمارت میں لاپتہ افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، جبکہ ہلاک ہونے والوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل بھی شروع کردیا گیا ہے۔
آتشزدگی کے باعث فیکٹری کی تین منزلہ عمارت بری طرح متاثر ہوئی اور اس کے کئی حصوں کی چھتیں گر گئیں۔
حکام کے مطابق عمارت کا غیر مستحکم ڈھانچہ، ملبہ اور بعض مقامات پر موجود شدید گرمی امدادی کارروائیوں کو مزید مشکل اور خطرناک بنا رہی ہے۔














