سرینگر: مقبوضہ کشمیر کے ضلع کٹھوعہ میں سینٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) کے سیکیورٹی کیمپ میں فائرنگ کے واقعے میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ سمیت 4 اہلکار ہلاک ہوگئے۔
’’بی بی سی اردو‘‘ کے مطابق حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ منگل کی شام ہماچل پردیش کی سرحد سے متصل علاقے بسوہلی کے گاؤں مشکا میں قائم سیوا تھری ہائیڈرو الیکٹرک پاور پراجیکٹ کے سیکیورٹی کیمپ میں پیش آیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ڈیوٹی کی تبدیلی کے دوران اہلکاروں کے درمیان کسی معاملے پر تلخ کلامی ہوئی، جو شدت اختیار کرگئی۔ الزام ہے کہ ہیڈ کانسٹیبل اودھیش کمار سنگھ نے مشتعل ہوکر اپنی سرکاری اے کے 47 رائفل سے ساتھی اہلکاروں پر فائرنگ کردی۔
فائرنگ کے نتیجے میں 4 اہلکار شدید زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور پر ہماچل پردیش کے این ایچ پی سی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ہلاک ہونے والوں میں اسسٹنٹ کمانڈنٹ اور کمپنی کمانڈر انکت کمار پانڈے، سب انسپکٹر لکشمن سنگھ، کانسٹیبل محمد رفیق اور سندیپ کمار شامل ہیں۔
پولیس کے مطابق واقعے کے فوراً بعد کیمپ میں موجود دیگر اہلکاروں نے مبینہ ملزم کو قابو کرلیا اور بعد ازاں اسے جموں و کشمیر پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے اعلیٰ سطحی کورٹ آف انکوائری کا حکم بھی دیا گیا ہے۔














