ریاض: یمن کے معاملے پر کئی ماہ سے جاری اختلافات کے بعد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے اعلیٰ سطحی رہنماؤں کی ریاض میں ملاقات ہوئی۔
بی بی سی اردو کے مطابق ایک سال سے بھی کم عرصہ قبل سعودی عرب نے متحدہ عرب امارات پر الزام عائد کیا تھا کہ وہ یمن میں باغیوں کی حمایت کرکے سعودی قومی سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کررہا ہے۔
منگل کو ہونے والی ملاقات میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اور متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ منصور بن زاید النہیان نے شرکت کی۔ سعودی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق ملاقات کے موقع پر سعودی وزیر دفاع خالد بن سلمان بھی موجود تھے۔
سعودی عرب حوثیوں کے خلاف کارروائیوں کے لیے تعاون حاصل کرنے کی غرض سے گزشتہ کئی ہفتوں سے اپنے بین الاقوامی اتحادیوں کے ساتھ مشاورت کررہا ہے۔
ایران کے اتحادی حوثی سعودی عرب کی بحری ناکہ بندی جاری رکھے ہوئے ہیں اور بحیرۂ احمر میں سعودی بحری جہازوں کو بھی نشانہ بنا رہے ہیں۔
دوسری جانب سعودی قیادت میں قائم فوجی اتحاد نے حالیہ ہفتوں کے دوران یمن میں حوثیوں کے ٹھکانوں پر متعدد فضائی حملے کیے ہیں۔














