کینبرا: آسٹریلیا کی وزیر خارجہ پینی وونگ نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) عالمی طاقت کے ڈھانچے میں بڑی تبدیلیاں لا رہی ہے اور یہ ٹیکنالوجی انسانی زندگی، معیشت اور عسکری نظاموں کی نئی تشکیل کا سبب بن رہی ہے۔
چینی خبر رساں ادارے ’’شنہوا‘‘ کے مطابق پینی وونگ نے وفاقی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی معاشی اور تزویراتی طاقت کی بنیادوں اور اس کے مختلف پہلوؤں کو تیزی سے تبدیل کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت اور دیگر جدید ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز ماضی کی کسی بھی انقلابی ٹیکنالوجی کے مقابلے میں کہیں زیادہ تیزی سے پھیل رہی ہیں اور دنیا میں تبدیلیوں کا باعث بن رہی ہیں۔ ان کے اثرات انسانی زندگی، معیشتوں اور عسکری نظاموں پر اس انداز میں مرتب ہو رہے ہیں جن کا مکمل اندازہ لگانا فی الحال ممکن نہیں۔
آسٹریلوی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ان کا ملک شراکت دار ممالک کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانا چاہتا ہے کہ جدید ترین مصنوعی ذہانت کی تیاری میں محض تیز رفتاری کے بجائے ذمہ داری، احتیاط اور تحفظ کو ترجیح دی جائے۔
انہوں نے زور دیا کہ اس مقصد کے حصول کے لیے ممالک کے درمیان اعتماد کو فروغ دینا، کسی مسئلے یا خطرے کی صورت میں باہمی تعاون کرنا اور عالمی سطح پر ایسا ردعمل یقینی بنانا ضروری ہے جو مصنوعی ذہانت کی بڑھتی ہوئی طاقت اور اثرات سے مطابقت رکھتا ہو۔
پینی وونگ نے مزید کہا کہ آسٹریلیا جدید ترین مصنوعی ذہانت کے شعبے میں سرمایہ کاری اور جدت کا خیرمقدم کرتا ہے، تاہم اس پیش رفت کے لیے ایسی شرائط اور اصولوں کی پابندی ضروری ہے جو تمام آسٹریلوی شہریوں کے مفادات کا تحفظ کر سکیں۔














