ہنوئی: ویتنام کے دارالحکومت ہنوئی کے گنجان آباد علاقے ڈونگ دا میں کھانا پکانے والی گیس کے مبینہ دھماکے کے نتیجے میں کم از کم 6 افراد ہلاک اور 10 زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دھماکا آج صبح تقریباً 8 بجے ایک کھانے پینے کی دکان میں ہوا، جس کی شدت سے عمارت کا ایک حصہ منہدم ہوگیا جبکہ قریبی مکانات کی کھڑکیاں بھی ٹوٹ گئیں۔
واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اطلاع ملتے ہی امدادی ٹیمیں، فائر فائٹرز اور پولیس اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور ملبے تلے دبے افراد کی تلاش شروع کردی۔
زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ حکام نے مزید حفاظتی اقدامات کے تحت متاثرہ عمارت کے اطراف رہائش پذیر شہریوں کو بھی محفوظ مقامات پر منتقل کردیا ہے۔
دھماکے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔














