ایران کے خلاف امریکی کارروائیوں کے لیے جنوری کے آخر تک فنڈنگ موجود ہے، ٹرمپ
واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے جنوری کے آخر تک فنڈنگ دستیاب ہے۔ تاہم انہوں نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ اگر ڈیموکریٹس نے کانگریس کا کنٹرول سنبھالنے کے بعد ایران سے متعلق امریکی پالیسی روکنے کی کوشش کی تو حاصل ہونے والی کامیابی ناکامی میں تبدیل ہوسکتی ہے۔
امریکی اخبار نیویارک پوسٹ کو دیے گئے انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ اگر ڈیموکریٹس نے ایران کے خلاف جاری کارروائیوں اور پالیسی کو ختم کیا تو وہ ایک بڑی کامیابی کو شکست میں بدل دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی بحریہ، فضائیہ اور فضائی دفاعی نظام مکمل طور پر تباہ ہوچکے ہیں۔ اگر ڈیموکریٹس نے اس پالیسی کو روکنے کی کوشش کی تو یہ ایک جیت کو ہار میں تبدیل کرنے کے مترادف ہوگا۔
ٹرمپ نے کہا کہ انہیں یقین نہیں کہ ڈیموکریٹس سیاسی طور پر ایسا کوئی قدم اٹھائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکا جب چاہے ایران کے خلاف جنگ ختم کرسکتا ہے۔
امریکی صدر سے جب پوچھا گیا کہ کیا ایران کے خلاف فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کے لیے ان کے پاس وقت محدود ہوتا جا رہا ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ جنوری کے آخر تک اس مقصد کے لیے عملاً فنڈنگ دستیاب ہے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر نے فروری میں ایران کے خلاف فوجی کارروائیوں کا آغاز کیا تھا اور ابتدا میں اس کی مدت تقریباً چار ہفتے بتائی تھی۔ تاہم بعد ازاں تہران کے ساتھ مذاکرات، جنگ بندی اور مفاہمتی یادداشت کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی ایک مرتبہ پھر بڑھ گئی تھی۔














