دبئی: ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے صدر محسن نقوی ایشین گیمز کے مینز کرکٹ فائنل میں پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کے بعد ہونے والی میڈل تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔
ایشین گیمز 2026 کے مینز کرکٹ ایونٹ کا فائنل پاکستان اور بھارت کے درمیان آج کھیلا جائے گا، جس کے بعد میڈلز تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوگی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے مطابق محسن نقوی پہلے سے طے شدہ مصروفیات کے باعث ایشین گیمز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔ اے سی سی کے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پہلے سے کیے گئے وعدوں اور مصروفیات کی وجہ سے صدر اے سی سی فائنل ڈے پر موجود نہیں ہوں گے۔
محسن نقوی نے ایشین گیمز میں شریک تمام میڈلسٹ ٹیموں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ سال مینز ٹی20 ایشیا کپ جیتنے کے بعد بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی اور میڈلز وصول کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ محسن نقوی اے سی سی کے صدر ہونے کے ساتھ ساتھ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین بھی ہیں۔
بھارتی ٹیم کے انکار کے باعث اس وقت اختتامی تقریب میں تاخیر ہوئی تھی اور بعد ازاں فاتح ٹیم کو ٹرافی دیے بغیر ہی تقریب اختتام پذیر ہو گئی تھی۔
اسی طرح گزشتہ اتوار کو اے سی سی ویمنز ٹی20 ایشیا کپ کے فائنل کے بعد بھی بھارتی ٹیم نے محسن نقوی سے ٹرافی وصول کرنے سے انکار کیا تھا۔ بھارت نے فائنل میں دفاعی چیمپئن سری لنکا کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔














