پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی تاریخ ساز کامیابی، شین ژو-24 خلائی مشن تیانگونگ اسٹیشن پر پہنچ گیا
جیوچوان: چین کا انسان بردار خلائی مشن شین ژو-24 دو چینی اور ایک پاکستانی خلا باز کو لے کر کامیابی سے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر پہنچ گیا۔ اس مشن میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی کی شمولیت کو پاکستان اور چین کے خلائی تعاون کی تاریخ میں اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
چینی سرکاری میڈیا کے مطابق شین ژو-24 خلائی جہاز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 5 بج کر 18 منٹ پر روانہ ہوا تھا، جس میں چینی خلا باز تانگ ہونگ بو، وو یی اور پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سوار تھے۔
تینوں خلا باز تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر مشترکہ سائنسی مشن انجام دیں گے۔ منصوبے کے مطابق خلائی مشن تقریباً ایک ہفتے کے قیام کے بعد زمین پر واپس آئے گا۔
خلائی مشن کی روانگی سے قبل خلا بازوں کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وفاقی وزیر احسن اقبال نے بھی شرکت کی۔ تقریب کے دوران پاکستانی پرچم لہرائے گئے جبکہ پاکستانی اور چینی خلا بازوں نے شرکا کو ہاتھ ہلا کر الوداع کہا۔ بعد ازاں تینوں خلا باز خصوصی پروٹوکول کے تحت گاڑیوں میں خلائی مرکز روانہ ہوئے۔
اس موقع پر پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے کہا تھا کہ وہ پوری قوم کی امیدیں ساتھ لے کر خلاء میں جا رہے ہیں اور اس مشن میں صرف انفرادی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی نمائندگی ہوگی۔ انہوں نے اسے اپنے لیے اور پوری پاکستانی قوم کے لیے بڑے اعزاز کی بات قرار دیا۔
محمد ذیشان علی نے مستقبل میں مزید مشترکہ خلائی مشنز کے انعقاد کی امید ظاہر کرتے ہوئے پاک چین دوستی کو ہمالیہ سے بلند اور شہد سے میٹھی قرار دیا۔ انہوں نے اپنے خطاب میں علامہ اقبال کا شعر بھی پڑھا۔
چینی خلا باز نے بھی کہا تھا کہ پاکستان اور چین کا خلائی تحقیق کے میدان میں مشترکہ خواب ہے۔ ان کے مطابق محمد ذیشان علی نے چینی زبان سیکھنے کے لیے خصوصی محنت کی، جس سے دونوں ممالک کے خلا بازوں کے درمیان رابطے میں آسانی ہوئی۔
مشن میں محمد ذیشان علی بطور پے لوڈ اسپیشلسٹ خدمات انجام دیں گے اور مائیکرو گریویٹی یعنی کم کششِ ثقل والے ماحول میں سائنسی تجربات کریں گے۔ پاکستانی اور چینی خلا باز مشترکہ طور پر مختلف سائنسی تحقیقات میں حصہ لیں گے۔
اس تاریخی خلائی پرواز کو پاکستان کی خلائی تحقیق کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے مستقبل میں دونوں ممالک کے سائنسی اور تکنیکی تعاون کے مزید امکانات پیدا ہوں گے۔














