ناگویا: ایشین گیمز کرکٹ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 19 رنز سے شکست دے کر گولڈ میڈل اپنے نام کر لیا۔
جاپان کے شہر نشین میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 211 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے ابھیشیک شرما نے 28 گیندوں پر 61 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ تلک ورما نے بھی شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 20 گیندوں پر نصف سنچری مکمل کی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور معاذ صداقت نے اننگز کا آغاز کیا، تاہم صاحبزادہ فرحان 10 اور معاذ صداقت 23 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ عثمان خان بھی 3 رنز بنا سکے۔
پاکستان کی جانب سے حسن نواز نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے 96 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے 5 چوکے اور 7 چھکے لگائے، تاہم میچ کی آخری گیند پر ان کی وکٹ گر گئی اور پاکستان مقررہ ہدف حاصل نہ کر سکا۔
بھارت کی جانب سے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ سوریا ونشی نے 15 رنز بنائے جبکہ ایشان کشن 21 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے عرفات منہاس اور احمد دانیال نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ ابرار احمد اور صائم ایوب نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
میچ کے اختتام پر بھارتی کپتان کی جانب سے پاکستانی کپتان سے مصافحہ نہ کرنے کا واقعہ بھی پیش آیا۔














